نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی نو سال بعد ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے ، سینکڑوں افراد نے شاندار استقبال کیا،بگٹی مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی آنے نہیں دیاگیا ،تمام صورتحال پر ہم عدالت سے رجوع کریں گے ،شاہ زین کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 2 فروری 2014 15:08

ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء)نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نو برس بعد ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے ،سوئی اور ڈیرہ بگٹی میں سینکڑوں افراد نے ان کا استقبال کیا ۔بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر نوابزادہ شازین بگٹی اپنے فیملی اور سینکڑوں بگٹی مہاجرین کے ہمراہ کشمور سے ڈیرہ بگٹی کیلئے روانہ ہوئے توسوئی انتظامیہ نے انہیں ڈولی چیک پوسٹ پر روک لیا ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق شازین بگٹی سو افراد کے قافلے میں ڈیرہ بگٹی جا سکتے ہیں جس پر شاہ زین کے ساتھ آنے والے سینکڑوں مہاجرین کو ڈولی چیک پوسٹ پر روک لیا گیا۔بعد ازاں شازین بگٹی کے سوئی اور ڈیرہ بگٹی پہنچنے پر سینکڑوں قبائلیوں نے ان کا استقبال کیا ۔ بگٹی قبیلے کے لوگوں نے نوابزادہ شازین بگٹی کے آنے کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد زین بگٹی نے کہاکہ شاندار استقبال نے ثابت کردیا کہ لوگ آج بھی ہم پر اعتماد کرتے ہیں ،عدالتی حکم کے باوجود انتظامیہ نے مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی نہ جانے جانبداری کا ثبوت دیا۔بگٹی مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی آنے نہیں دیاگیا اس تمام صورتحال پر ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔