قومی سوچ اور اجتماعی بصیرت سے قیام امن کے فیصلے کے مثبت نتائج برآمد ہونگے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب، توانائی بحران اور انتہا پسندی نے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایاہے،مسائل سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں بارآورہونگی،حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے،امن کے لئے سنجیدہ اورمخلصانہ کوشش کی گئی ہے،شہباز شریف سے فاٹا کے پارلیمانی گروپ کی ملاقات، پاکستان کو درپیش مسائل اور سیاسی صورتحال پر بات چیت،وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ،صحیح معنوں میں صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں‘ پارلیمانی گروپ فاٹا ۔ تفصیلی خبر

اتوار 2 فروری 2014 15:07

قومی سوچ اور اجتماعی بصیرت سے قیام امن کے فیصلے کے مثبت نتائج برآمد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی بحران،دہشت گردی اورانتہاء پسندی جیسے بڑے مسائل کا سامناہے-توانائی کی کمی اور انتہاپسندی نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایاہے- ان مسائل کو حل کئے بغیر تیز رفتار ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا- حکومت ملک و قوم کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نجات دلانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے- ملک میں امن کے قیام کے لئے حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مذاکرات کو ایک اورموقع دیاہے- قوی امید ہے کہ قومی سوچ اور اجتماعی بصیرت کو بروئے کار لا تے ہوئے کئے گئے قیام امن کے اس فیصلے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اورانشاء الله ملک امن کا گہوارہ بنے گا- حکومت نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے بھی دن رات ایک کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے کی جانے والی شب وروز کی کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار فاٹا کے پارلیمانی گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،جس نے ان سے یہاں ملاقات کی- ملاقات کے دوران پاکستان کو درپیش مسائل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے فاٹا کے پارلیمانی وفد میں اراکین قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی، ساجد حسین طوری ، سید غازی گلاب جمال، بلال رحمان، بسم الله خان اور ناصر خان آفریدی شامل تھے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو مسائل اور مشکلات کے بھنور سے نکالنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں- قومی معیشت کی بحالی کے لئے بھی موثر اقتصادی پالیسیوں پر عمل کیا جا رہا ہے- معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی جامع لائحہ عمل اپنایا گیا ہے- توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ملکی وغیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے ہیں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں-پنجاب میں کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کر رہے ہیں- چین کی کمپنیاں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں- ابتدائی طورپر درآمدی کوئلے سے بجلی کے پاور پلانٹ چلائے جائیں گے بعدازاں مقامی کوئلے کو بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں استعمال میں لایا جائے گا- انہوں نے کہاکہ کوئلے، ہائیڈل، تھرمل کے علاوہ دیگر سستے ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ بجلی کے نئے منصوبے لگانے کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں- پنجاب میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بھرپورکارروائی کی گئی ہے- انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس چور کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں ہر جگہ بے نقاب کیاجاناچاہیے-صوبے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں نئی انڈسٹریل سٹیٹس قائم کی جا رہی ہے - رحیم یار خان اور خوشاب میں انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے- جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے کے بعد پاکستان کی گارمنٹس اورٹیکسائل کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

فاٹا کے پارلیمانی گروپ کے اراکین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں قیام امن کے لئے حکومت کی مذاکرات کی پالیسی بہترین ہے- امن کی کاوشوں کے سلسلے میں حکومت نے جو پالیسی اپنائی ہے اس سے سب کا گلہ دور ہواہے- انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے- پنجاب کے وزیراعلیٰ صحیح معنوں میں صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں-