طالبان سے مذاکرات کامیاب ہو تے ہیں تو ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا‘حمزہ شہبازشریف.... پرویز مشرف کے مستقبل کا فیصلہ عدالتیں کریں گی‘پرویزمشرف کے حوالے سے صرف یہی کہوں گا ’سینئر صحافی اختر حیات کو پنجاب حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ‘ایمرااور اینکا کوسالانہ گرانٹ دینے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 فروری 2014 23:51

طالبان سے مذاکرات کامیاب ہو تے ہیں تو ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا‘حمزہ ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین. یکم فروری 2014 ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ایم این اے حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے جو چار رکنی کمیٹی بنائی ہے دعا ہے وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو تاکہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے ‘پرویز مشرف کے مستقبل کا فیصلہ عدالتیں کریں گی‘پرویزمشرف کے حوالے سے صرف یہی کہوں گا ’مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے ‘انہیں دل سے معاف کر دیا ‘ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ‘ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں خود کش دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور ہر جگہ امن و امان قائم ہو جائے ‘لوڈشیڈنگ کا جن بہت جلد بوتل میں بند کردیں گے‘میڈیا نے معاشرے میں سیاسی شعور اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ‘پنجاب حکومت کے انڈونمنٹ فنڈ سے 30ہزار بجے مفت تعلیم حاصل کریں گے اور 2ارب روپے سپورٹس فیسٹیول کے مختص کئے تاکہ گاؤں کے نوجوانوں کو حوصلہ مل سکے‘سینئر صحافی اختر حیات کو پنجاب حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں صحافتی تنظیموں ایمرا اور اینکا کو سالانہ گرانٹ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ایمرا کے صدر عاصم نصیر، اینکا کے صدر وحید بٹ ،سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کو اعتراض تھا کہ انہیں کسی بھی معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا جاتا اور ان سے مشاورت نہیں کی جاتی لیکن طالبان سے بات چیت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انہیں بھی شامل کیا گیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام جماعتیں مل کر اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ملک کی کوئی بھی ایک سیاسی جماعت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے طالبان سے بات چیت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو چار رکنی کمیٹی بنائی ہے اس سے امید کرتے ہیں کہ اس مشاورت سے بہت بڑا بریک تھرو ملے گا اور دہشت گردی کے خاتمہ سمیت امن و امان کا قیام بھی عمل میں آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک میں ہر جانب امن و امان کی فضا قائم ہو کوئی دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور خود کش دھماکے نہ ہوں تاکہ دنیا پاکستان پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری کرے اورملک ترقی کی طرف گامزن ہو ۔

لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پرحمزہ شہبازشریف نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور ہماری حکومت بہت جلد لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دے گی ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بچوں اور بچیوں کی تعلیم کیلئے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جس سے 30ہزار بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے جبکہ 2ارب روپے کی لاگت سے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرکے گاؤں میں بسنے والے نوجوانوں کو آگے لایا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں اور وہ پاکستان جہاں خوش حالی ،ترقی اور امن و امان ہو ۔تقریب سے خطاب میں ایمرا کے صدر عاصم نصیرنے کہاکہ پنجاب حکومت نے ایمرا کی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تین وعدے کئے اور آج ان وعدوں میں سے ایک پر عملدرآمد ہو گیا ہے جبکہ امید کرتے ہیں کہ دو وعدے بھی جلد پورے کر دیئے جائینگے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم منہاج برنا اور خاور نعیم ہاشمی کے بتائے ہوئے مشن کو آگے لے جا رہے ہیں اور جمہوریت کی آواز پہلے بھی بلند کی اور اب بھی کریں گے ۔اینکا کے صدر وحید بٹ نے کہاکہ کیمرہ مین خاموش رہ کر معاشرے کے مسائل کو ویڈیو کے ذریعے سامنے لاتا ہے اور معاشرے میں رہتے ہوئے ہمیں بھی صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ تنخواہوں کی ادائیگیوں میں بھی مشکلات ہیں ہم نے سات لاکھ روپے سے کیمرہ مینوں کی انشورنس کروائی جبکہ حکومت آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں صحافیوں کو مکانات دینے کے وعدے کو جلد از جلد پورا کرے۔

خاور نعیم ہاشمی نے کہاکہ ہم نے 1970ء میں صحافیوں کی فلا ح و بہبود کیلئے ایک خواب دیکھا تھا جو آج پورا ہوتا نظر آ رہا ہے 5سال سندھ اور پنجاب کی جیلوں میں گزارے اور آمروں کے کوڑے کھائے اس کے باوجود اپنے صحافتی فرائض سر انجام دیئے ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل دور میں ایک صحافی اپنا گھر نہیں بنا سکتا اس لئے حکومت سے امید ہے کہ وہ صحافیوں کو دیئے جانے والے گھروں کے وعدے کو جلد ازجلد پور اکرے گی ۔تقریب کے اختتام پر حمزہ شہبازشریف نے ایمرا کے صدر عاصم نصیر اور اینکا کے صدر وحید بٹ کو سالانہ گرانٹ کی مد میں 10دس لاکھ روپے دیئے اور سینئر صحافی اختر حیات کے اہل خانہ کو10لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔