عدلیہ آئین کے مطابق بلا خوف و خطر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی‘ چیف جسٹس آف پاکستان ،انصاف کی فراہمی میں بنچ اور بار کا کردار انتہائی اہم ہے ‘ جسٹس تصدق حسین جیلانی کا ہائیکورٹ بار سے خطاب

ہفتہ 1 فروری 2014 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) چیف جسٹس آ ف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ عدلیہ تاریخی دور سے گزر رہی ہے ، عدلیہ کا کام قانون کی بالا دستی قائم کرنا ہے اور عدلیہ آئین کے مطابق بلا خوف و خطر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، انصاف کی فراہمی میں بنچ اور بار کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی رات لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال سمیت اعلیٰ عدلیہ اور ماتحت عدلیہ کے ججز صاحبان اور لاء افسران کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ وکلاء بڑے معتبر شعبے سے وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انصاف کی فراہمی میں بنچ اور بار کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کیسز اور ججز کی تعدا میں واضح فرق ہے لیکن اسکے باوجود تمام ججز اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

شہریوں کے حقوق کی حفاظت میں عدلیہ کا اہم کردار ہے ۔آئین میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور عدلیہ بغیر کسی دباؤ کے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔ عدلیہ تاریخی دور سے گزر رہی ہے ، عدلیہ کا کام قانون کی بالا دستی قائم کرنا ہے ۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ قانون کی تعلیم کا معیار مزید بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔