کالعد م تحریک طالبان کاجے یو آئی (س)کے سربراہ سے رابطہ ،طالبان مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں ،امید ہے حکومت بھی اسی طرح کا مظاہرہ کریگی‘ سمیع الحق کی رابطے کی تصدیق،مولانا سمیع الحق کا نام شامل کرنے کے مطالبے پر کچھ نہیں کہہ سکتے ،صورتحال واضح ہونے کے بعد رد عمل دینگے‘ ترجمان

ہفتہ 1 فروری 2014 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) کالعد م تحریک طالبان نے حکومتی ٹیم میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا نام شامل کرنے کے مطالبے کے بعد ان سے از خود بھی رابطہ کیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ رابطے میں حکومت کی طرف سے اعلان کردہ مذاکراتی ٹیم کے ممبران سمیت مذاکرات کے دیگر نکات پر بھی بات چیت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سمیع الحق نے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان مذاکرات کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور امید ہے کہ حکومت بھی اسی طرح سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی دفاع ،استحکام اور سلامتی عزیز ہے ۔ ملک کی سلامتی ،امن اور بقاء کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہم قیام امن کے لئے نکلے ہیں اور خواہش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں ۔ جے یو آئی (س) کے ترجمان نے طالبان کی طرف سے حکومتی نمائندہ ٹیم میں مولانا سمیع الحق کا نام شامل کرنے کے مطالبے پر کہا کہ اس پر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم صورتحال واضح ہونے کے بعد رد عمل دیں گے ۔