جی پلس کا درجہ ، وزارت قانون وانصاف نے صوبوں سے وفاق کے رابطہ طریقہ کار وضع کرنے کیلئے وزیر اعظم کو سمری ارسال کردی ، اٹھارویں ترمیم کے مطابق صوبائی دائرہ میں بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ذرائع

ہفتہ 1 فروری 2014 21:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) پاکستان کو جی پلس کادرجہ ملنے کے بعد وزارت قانون نے صوبوں سے رابطہ کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے وزیر اعظم کو سمری ارسال کردی ۔ وزارت قانون ، انصاف و انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق 13دسمبر2013ء کویورپی یونین نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کی حیثیت دی تھی جس کیلئے پاکستان پر انسانی حقوق، اچھی حکمرانی ، مزدوروں کے حقوق ، خواتین کے خلاف تمام اقسام کے امیتاز کے خاتمے ، بچوں کے حقوق ، اقتصادی معاشی و ثقافتی حقوق ، شہری و سیاسی حقوق ،نسلی امیتاز کی تمام اقسام کے خاتمے ، جرم اور نسل کشی کے سدباب و سزا اور تشدد اور دیگر ظالمانی ، غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک یا سزا کے خلاف بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی شرط عائد کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے وزارت قانون ،انصاف و انسانی حقوق کو بین الاقوامی معاہدات پر عملدرآمد کی رپورٹس تدوین کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے مطابق صوبائی دائرہ میں بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم صوبائی حکومتوں کی طرف سے وزارت قانون ، انصاف و انسانی حقوق کی بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کی رپورٹس کی تدوین کیلئے قانونی سیل بنانے کی تجویز پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

رپورٹ کے مطابق وزارت قانو ن کے تجویز کردہ قانونی سیل کی تشکیل کے حوالے سے صوبائی حکومتیں ست روی کا شکار ہیں جس کے باعث وزارت قانون ، انصاف و انسانی حقوق نے اس مسئلہ کے حل کیلئے وزیراعظم کو ایک سمری ارسال کی ہے جس میں صوبوں سے انسانی حقوق معاہدوں پر عملدرآمد بارے رپورٹس حاصل کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :