کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک،3زخمی ہوگئے ،پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآامد کرلیا

ہفتہ 1 فروری 2014 20:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآامد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی اور کلاکوٹ میں دو گرہوں کے درمیان فائرنگ اور آوان راکٹوں سے حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

اس دوران مسلح افراد نے چاکیواڑہ میں چھیپا کے سینٹر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھیپا رضاکارڈرائیور40سالہ لال محمد بلوچ عرف لالو ولد محمد ہاشم سر میں گولی لگنے جاں بحق ہوگیا۔مقتول نے دو شادیاں کی تھیں اور وہ 6بچوں کا باپ اور چاکیواڑہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔اسی دوران مورچہ بند فائرنگ کے نتیجے میں بغدادی میں 30سالہ نسیمہ زوجہ قذافی بلوچ جاں بحق ہوگئی۔

(جاری ہے)

مقتولہ شاہ بیگ لین لیاری کی رہائشی تھی۔فائرنگ کی زد میں آکر کمیلا اسٹاپ پر سلیم ،سلمان ،لیاری جنرل اسپتال پر عباس ولد بخت اور15سالہ پپو زخمی ہوگئے۔واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری کے مختلف علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ادھر نیو کراچی سیکٹر 11-Jنالا اسٹاپ کے قریب مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں 45سالہ محمد سلیم ولد محمد رمضان ہلاک ہوگیا ۔

دوسری جانب سے پولیس نے سعید آباد تھانہ کی حدود میں کارروائی کرکے 5افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرشاہد حسین عرف شعیب کو گرفتار کرلیا ۔ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد ہوا ۔میمن گوٹھ گڈاپ سٹی پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان محمد امین خاصخیلی ،طاہر علی خاصخیلی اور الطاف حسین میر کو غفور بستی سے گرفتار کرلیا ۔

ملزمان کے قبضے سے 3ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ۔علاوہ ازیں سی آئی ڈی انٹروگیشن سیل نے مظہر مشوانی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر لیاری گینگ وار تاجو گروپ کے کارندے مصطفی ولد عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ ،اغواء برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔