بیرسٹر فروغ نسیم کا برطانوی نشریاتی ادارے کے رپورٹر کو خط،پروگرام پر تحفظات کا اظہار

ہفتہ 1 فروری 2014 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹربیرسٹر فروغ نسیم نے برطانوی نشریاتی ادارے کے رپورٹر کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ایم کیو ایم سے متعلق پروگرام پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق بیرسٹرفروغ نسیم نے مطالبہ کیا ہے کہ دستاویزی فلم میں ان کا ریکارڈڈ انٹرویوپورادکھایاجائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ 2013 کے انتخابات کے نتائج کراچی میں ایم کیوایم کی مقبولیت کاثبوت ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے نے ایم کیوایم کاوضاحتی بیان بھی نشرنہیں کیا، دستاویزی فلم میں الطاف حسین کے امیج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، ایسالگتا ہے کہ سیاسی مخالفین نے برطانوی نشریاتی ادارے کوگمراہ کیا۔

خط کے متن کے مطابق بیرسٹر فروغ نسیم نے سوال اٹھایا کہ برطانوی پولیس کوالطاف حسین کی بیٹی کالیپ ٹاپ لے جانے کی کیاو جہ بنتی ہے، الطاف حسین کی بیٹی کے سکوں کے گلک کامنی لانڈرنگ کیس سے کیاتعلق ہے، برطانیہ میں دنیا کے کئی سیاست دانوں کے اثاثے موجود ہیں، محض ایم کیو ایم کی پارٹی فنڈنگ کو منی لانڈرنگ سے کیوں جوڑا جارہاہے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ ایم کیوایم کی قیادت برطانیہ کی شہریت رکھتی ہے اور برطانیہ میں ہی رہے گی۔