اسلام آباد ،سی این جی بندش کیس کی سماعت تین فروری تک ملتو ی ، فیصلہ چار فروری کو سنائے جانے کاامکان

جمعہ 31 جنوری 2014 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی این جی بندش کیس کی سماعت تین فروری تک ملتو ی کردی ہے جس کا فیصلہ چارفروری کو سنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے اسلام آباد راولپنڈی میں سی این جی بندش سے متعلق کیس کی سماعت کی،مسلسل سماعت کے پانچویں روز وفاق کے وکیل خواجہ فاروق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ترجیحی فہرست سے صرف سی این جی سیکٹر متاثر نہیں،صنعتوں،کھاد اورسیمنٹ سیکٹرکا کاروبار بھی متاثر ہوا،لوگ گھروں میں لکڑیاں جلانے پرمجبورہیں جس پرجسٹس شوکت عزیزصدیقی نے کہاکہ سی این جی کا لکڑیاں جلانے سے کوئی تعلق نہیں،یہ کام ہم بچپن سے دیکھتے آرہے ہیں،کوئی بل نہیں دے رہا تو صرف اس اسٹیشن کی گیس بند کریں،کمپنی کوپورے سیکٹرکی سپلائی بند کرنے کا اختیارغلط ہے،خواجہ فاروق نے کہاکہ گیس سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے چارسیکٹرزمتاثرہوئے ہیں،سیمنٹ اورکھاد فیکٹریوں کی پیداواربھی متاثرہوئی، جسٹس شوکت صدیقی نے کہاکہ سیمنٹ سیکٹرکے پاس متبادل انتظام ہے،وہ سیمنٹ کی بوری مہنگی کرکے کام چلا لیتے ہیں،سی این جی سیکٹرکے پاس دوسرا حل نہیں ہے، سی این جی سیکٹرکوگیس نہ ملے تووہ کیا بیچیں،عدالت نے خواجہ فاروق کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کی سماعت تین فروری تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت پر حتمی دلائل سنے جانے کے بعد چارفروری کو فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔