لندن میں غیر معمولی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر مشاورت کے لئے رابطہ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر فاروق ستار کو لندن طلب کرلیا ،برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے تیار کی گئی ڈاکیومینٹری فلم، تنظیمی امور، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے تعلقات اور دیگر ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا ،لطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑا عوامی اجتماع اتوار کو کراچی میں ہوگا، کارکنان اظہار یکجہتی کے علاوہ تجدید عہد وفا بھی کریں گے

جمعہ 31 جنوری 2014 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن میں غیر معمولی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر مشاورت کے لئے رابطہ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر فاروق ستار کو لندن طلب کرلیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار ہفتہ کی صبح لندن روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن بابر خان غوری جمعہ کو لندن روانہ ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

لندن میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں لندن میں غیر معمولی صورتحال، ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے تیار کی گئی ڈاکیومینٹری فلم، تنظیمی امور، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے تعلقات اور دیگر ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ نے اجازت نہ ملنے کے سبب کل (ہفتہ) کراچی میں اظہار یکجہتی کے حوالے سے ہونے والے پروگرام کو ملتوی کردیا ہے۔

ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائدا لطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑا عوامی اجتماع اتوار کو کراچی میں ہوگا، جس میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنان الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کریں گے اور تجدید عہد وفا بھی کریں گے۔