طالبان کو مذاکرات کا آخری موقع دیا گیا ہے مزید مہلت نہیں دیں گے ،خواجہ آصف ، بجلی وگیس بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، امریکا سے برابری کی سطح پرتعلقات چاہتے ہیں،وفاقی وزیرپانی وبجلی ودفاع خواجہ آصف کی امریکی اخبار سے بات چیت

جمعہ 31 جنوری 2014 20:51

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیرپانی وبجلی ودفاع خواجہ آصف نے امید ظاہر کی ہے کہ پرویز مشرف ضروراپنے منطقی انجام کو پہنچے گا اوراس بارے میں کسی کو شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے ، حکومت بجلی وگیس بحران پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، امریکا سے برابری کی سطح پر قریبی تعلقات چاہتے ہیں،طالبان کو مذاکرات کا آخری موقع دیا گیا ہے مزید مہلت نہیں دیں گے ،گزشتہ روز امریکی اخبارسے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرپانی وبجلی ودفاع خواجہ آصف نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات حکومت کی ترجیحات میں شامل تھے ،طالبان کو مذاکرات کا آخری موقع دیا گیا ہے مزید مہلت نہیں دیں گے ،طالبان سے نمٹنے کے لیے بہت سے آپشن زیر غورتھے لیکن حکومت نے کوئی بھی ایساقدم اٹھانے سے اجتناب کیا جس کی مخالفت کی جاتی ،اندرونی وبیرونی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیارہیں،ہمیں پاک فوج پر فخر ہے جنہوں نے قربانیاں دے کر ملکی دفاع کیا اورآج ہم اس ملک میں سکون کا سانس لے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی روازنہ کی بنیاد پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بریفنگ دے گی،وزیرپانی وبجلی نے کہاکہ امریکا سے قریبی تعلقات چاہتے ہیں تاہم یہ تعلقات برابری کی سطح پر ہونے چاہئیں ،سٹریٹیجک تعلقات کی بحالی میں بھی دونوں ممالک نے برابری کی سطح پر تعلقات میں اضافے کی حامی بھری ہے ،انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت بجلی وگیس بحران پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے اورتمام تر وسائل بھی بروئے کارلائے جارہے ہیں ،حکومت کی کوشش ہے کہ اس لعنت سے جلد ازجلد چھٹکاراحاصل کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ مشرف دور میں بجلی دوردورتک پہنچائی گئی لیکن پیداوار میں اضافے کے لیے ایک بھی پاور پلانٹ نہیں لگایا گیالوڈشیڈنگ میں اضافے کی بڑی وجہ بجلی کی زیادہ کھپت ہے اس کے علاوہ جگہ جگہ بجلی چوری کی جارہی ہے مقامی حکام بجلی چوروں سے ملے ہوئے ہیں تاہم ہم کنڈا سسٹم ختم کرنے کے لیے کوششوں میں لگے ہوئے ہیں،خواجہ آصف نے کہاکہ پرویز مشرف کا فیصلہ عدالت میں ہے اورجوبھی فیصلہ عدالت کرے گی حکومت اسے من وعن تسلیم کرے گی ،ہم پر امید ہیں کہ پرویز مشرف اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا اوراس سلسلے میں کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے،انہوں نے کہاکہ ملک کے ساتھ دھوکا کرنے والا آج عدالت میں آنے سے گھبراتا ہے اورطرح طرح کے حیلے بہانے بنا کر راہ فراراختیار کرنا چاہتا ہے لیکن اسے راہ فرارنہیں ملے گی وہ اب بند گلی میں پھنس چکا ہے ۔