کراچی، پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر شاہ فیصل محسود کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

جمعہ 31 جنوری 2014 20:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر شاہ فیصل محسود کو عمر قید کی سزا سنادی ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج خالدہ یاسین نے تیموریہ تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ندیم عباسی اور پولیس کانسٹیبل محمد ساجد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر شاہ فیصل محسود کو سزائے موت اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 7سال الگ سزا کاٹنی ہوگی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم پر جرمانے کی رقم مقتولین کے ورثاء کو ادا کی جائے گی ۔واضح رہے کہ 3فروری 2012کو طالبان کمانڈر شاہ فیصل محسود اور یاسین محسود نے تیموریہ تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ندیم عباسی اور پولیس کانسٹیبل محمد ساجد کو اغواء کرکے تھانہ منگھوپیر کی حدود میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔سی آئی ڈی نے کارروائی کرکے ملزمان کو اورنگی ٹاوٴن سے گرفتار کرکے تیموریہ تھانے منتقل کردیا تھا ۔مبینہ طور پر ملزم یاسین محسود تھانے کے اہلکاروں کو 23لاکھ روپے دے کر تھانے سے فرار ہوگیا تھا ۔عدالت مفرور ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسے اشتہاری قرار دے چکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :