پاک چین دوستی کا سفر گھوڑے کی سی تیزرفتاری سے جاری ہے، سینیٹر مشاہد حسین

جمعہ 31 جنوری 2014 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے امید ظاہر کی ہے کہ چینی سالِ نو میں پاک چین دوستانہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔انہوں نے جانور گھوڑے سے منسوب نئے چینی قمری سال کے موقع پرچینی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئے سال میں ہمسایہ دوست ملک چین مختلف شعبہ ہائے زندگی بالخصوص اقتصادی، سفارتی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں گھوڑے کی سی تیزرفتاری سے ترقی و خوشحالی کی جانب اپنا سفر گامزن رکھے گا۔

سینیٹر مشاہد حسین نے بطور چئیرمین پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ چینی عوام اور قیادت کے نام اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ انکا ادارہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو پروان چڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے روائتی رسم و رواج پر مبنی سپرنگ فیسٹیول کو ایشیا کا قدیم ترین ثقافتی تہواروں میں سے ایک قرار دیا جس کی ایک ہفتے پر مشتمل تقریبات کا آغاز بروز جمعہ ہوگیا ہے جس میں دنیا بھر کے چینی باشندے اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کے ساتھ شریک ہیں۔ سینیٹر مشاہد حسین نے اپنے اختتامیہ کلمات میں دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی طاقت اور عالمی منظرنامے میں نمایاں چین میں بسنے والوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :