پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں‘ چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے شباب ملی پاکستان کے مطالبے کی حمایت

جمعہ 31 جنوری 2014 14:53

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے شباب ملی پاکستان کے سیکرٹری حافظ محمود کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین اور سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ بھی موجود تھے۔

وفد نے چودھری پرویزالٰہی سے مطالبہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ہمارے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فروری میں شباب ملی پاکستان پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران احتجاج بھی کرے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی وجہ سے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جا سکتا ہے، یہی ادارے عوام کے بنیادی مسائل کا بروقت حل بھی ہیں لیکن پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے میں مخلص نہیں، پنجاب میں 6 سال سے ن لیگ کی حکومت ہے مگر ابھی تک انہوں نے حلقہ بندیاں مکمل نہیں کیں۔

(جاری ہے)

شباب ملی پاکستان کے وفد میں عابد میر، عثمان بلوچ، کلیم جاوید ایڈووکیٹ، عمر فاروق مغل، ندیم بارا، عامر شہزاد، شیخ بشارت، حسان بلوچ، رانا شفیق اور ملک عدنان شامل تھے۔