محکمہ موسمیات کا اتوار اور پیر کو مری ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں برفباری کا امکان ،فروری میں موسم سرما کی تین سے چار بارشوں کی توقع

جمعہ 31 جنوری 2014 14:52

مظفر آباد /اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو مری ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں برفباری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری میں موسم سرما کی تین سے چار بارشوں کی توقع ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کو ٹریفک اور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ کو پروازوں کیلئے بند کر نا پڑا محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے دوران بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ہفتہ سے سوموار کے دوران خیبر پختو نخوا، اسلام آباد، راولپنڈی،سرگودھا، فیصل آباد، گوجرنوالہ،، ساہیوال ،لاہور ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کی توقع ہے، جبکہ اتوا اور سوموار کے دوران مری، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری اور اس دوران گلیات اور نیلم ویلی میں شدید برفباری کی توقع ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ادھر صوبائی دارلحکومت لاہور میں شام ڈھلتے ہی دھند کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔

(جاری ہے)

شہر میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کا نظام سست روی کا شکار ہو گیا موٹر وے کو حد نگاہ صفر ہونے کے باعث ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ،موٹروے ایم3ٹریفک کے لئے بندکردیاگیا،جبکہ موٹروے ایم2پرپنڈی بھٹیاں تک دھندکے باعث حدنگاہ صرف15میٹررہ گئی ہے۔لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کرکے تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ شیخوپورہ،گوجرانوالہ،حافظ آباد اور منڈی بہاؤ الدین سمیت پنجاب کے مختلف علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے اور حد نگاہ صفر ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی وجنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :