میرے خلاف عالمی سازشیں شروع ہوچکی، الطاف حسین

جمعہ 31 جنوری 2014 11:58

میرے خلاف عالمی سازشیں شروع ہوچکی، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نےکہا ہے کہ ان کےخلاف بین الاقوامی سازشیں شروع ہوگئی ہیں عوام اور کارکنان حالات سے گھبرائے بغیر اپنے حقوق کے لئے پر امن جدو جہد جاری رکھیں۔لندن سے جاری ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر نے بین الاقوامی سطح پران کےخلاف سازشیں اورمنفی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے، ان کے اعصاب کا امتحان لینے والی طاقتیں جان لیں کہ کسی بھی باطل قوت کے آگے ہرگز نہیں جھکوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکنان اورعوام حالات سے ہرگز مایوس نہ ہوں اور حقوق کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غریب عوام کے لئے اعلی عدلیہ کی دہلیز تک پہنچنا ممکن نہیں ہے، ایم کیو ایم ملک میں انصاف کا ایسا نظام لانا چاہتی ہے جو امیر اور غریب کے لئے برابر ہو۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک بھر کے کارکنان اور ہمدردوں کی جدو جہد پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں ملوث 2 افراد کا تعلق ایم کیو ایم سے قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان نے ان دونوں افراد کی گرفتاری کے لئے تعاون کی اپیل کی تھی۔ اس کے علاوہ لندن پولیس نے منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے اکاؤنٹس بھی منجمد کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہفتہ کو کراچی میں الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔