صحافی برادری حکومت کی صحیح سمت میں رہنمائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، پرویز خٹک ،بین الاقوامی سطح پر صوبے کے سافٹ امیج کی بہتری ایک چیلنج ہے،کرپشن پر قابو پانا اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کاایبٹ آباد ، بٹگرام کے پریس کلبز، مانسہرہ اور دیر بالاکے یونین انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب کابینہ کو مبارکباد

جمعرات 30 جنوری 2014 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ایبٹ آباد اور بٹگرام کے پریس کلبوں جبکہ مانسہرہ اور دیر بالاکے یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب کابینہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ صحافی برادری ملک و قوم کو موجودہ مشکل حالات اور درپیش بحرانوں سے نکالنے کی کوششوں کو کامیاب بنانے ، علاقائی مسائل و معاشرتی خرابیوں کی نشاندہی اور اس سلسلے میں عوام اور حکومت کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریگی انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جبکہ ملک بالخصوص ہمارے صوبے کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے، امن ومان کی بحالی اور صوبے کے جائز حقوق کے حصول جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ایسے میں یہاں کی صحافی برادری کے کندھوں پر بہت بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنے قلم کی طاقت سے رائے عامہ کو صحیح سمت ہموار کرنے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی کوششوں میں ہاتھ بٹائیں نیز صوبائی حقوق کے مسئلے کو قومی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے ہماری پر زور وکالت بھی کریں وزیراعلیٰ نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے پر امن ذرائع اپنانے کے بارے میں صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے دیرینہ موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے طالبان سے مذاکرات کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اب معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ ساتھ میڈیا اور صحافیوں کی بھی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکرات کے اس عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ایبٹ آباد پریس کلب، بٹگرام پریس کلب، مانسہرہ یونین آف جرنلسٹس اور دیر بالا یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب صدور سردار نوید عالم، قاری نسیم اختر، اخلاق احمد، لطیف بی بیوڑی اور ان کے کابینہ کے دیگر عہدیداروں کے نام اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیدار اور اُن کی کابینہ اورشعبہ صحافت کے دیگر ساتھی اپنے متعلقہ علاقوں کے عوامی مسائل کومناسب سطح پر اُجاگر کرنے اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت افغان سرحدوں سے قربت کے سبب بدامنی اور جنگ سے تباہ شدہ صوبے کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑی کرنے، یہاں کی زبوں حال صنعتوں کو دوبارہ بحال کرنے، صوبے کے قدرتی وسائل پر اختیار حاصل کرنے، توانائی کے ذرائع ہنگامی بنیادوں پر بڑھانے، پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق کے ذمہ صوبے کو واجب الادا خطیر رقم کے حصول اور وفاقی حکومت سے جڑے صوبے کے دیگر اہم نوعیت کے معاملات طے کرنے کیلئے سیاسی اور قانونی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے اُنہوں نے صوبے کی صحافی برادری پر زور دیا کہ وہ اس جدوجہدمیں صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں اور ان معاملات کو بھر پور اور موثر انداز میں قومی سطح پر اُجاگر کریں اسی طرح اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کے سافٹ امیج کی بہتری ہمیں درپیش ایک الگ چیلنج ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی بہت کچھ کرنا ہے کرپشن پر قابو پانا اولین ترجیح ہے اگر ہم اپنی حکومتی مشینری کو کرپشن ، اقرباء پروری اور نا اہلی کی خرابیوں سے پاک کرکے اسے عوامی توقعات کی تکمیل کاپابند بنانے اور اس حقیقت کو بین الاقوامی سطح پر منوانے میں کامیاب ہو گئے تو اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کا وہ خواب پورا ہو جائے گا جو ہم آزادی اور قیام پاکستان کے بعد سے دیکھتے آرہے ہیں جس کے بعد ہم دُنیا کی نہیں بلکہ دُنیا ہماری تقلید کرے گی ۔