ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بہترین سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ گورنر پنجاب ،پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے ، یہاں توانائی کا بحران اور کمزور معیشت کے مسائل سراٹھا رہے ہیں ‘ چوہدری محمد سرور

جمعرات 30 جنوری 2014 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بہترین سازگار ماحول فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں،پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزررہا ہے ، یہاں توانائی کا بحران اور کمزور معیشت کے مسائل سراٹھا رہے ہیں ان حالات میں معاشرے کے ہر طبقے کو حکومت اور جمہوریت کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور کے صدر چوہدری ظہور کی قیادت میں آئے ہوئے 14رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سرمایہ کار اور تاجر معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں جو تمام تر مشکلات کے باوجود کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہر کوئی ان مشکلات میں قومی سوچ اور اجتماعی مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے اپنے شعبوں میں معاشی ترقی کے اہداف کے لئے کوششیں کرے۔

اس موقع پر وفد نے انہیں درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کودور کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔بعد ازاں گورنر پنجاب کی اہلیہ محترمہ پروین سرور نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کا دورہ کیا اور ادارے میں مختلف شعبوں میں سکھائے جانے والے ہنر دیکھے اور ان کے معیار کو سراہا۔

بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور پیشہ وارانہ تربیت کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ اپنے اور وطن عزیز کے لئے معاشی طور پر زیادہ بہتر کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم ترین جز ہیں اور نہیں باہنر اور با صلاحیت بنا کر معاشی ترقی کے عمل میں ان کے کردار کو زیادہ بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے شک با ہنر شخص اللہ کا دوست ہے اور وہ کبھی بھی بے روزگاری کے مسلے سے دوچار نہیں ہو سکتا۔ قبل ازیں ادارے کی پرنسپل نے ادارے کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بیگم گورنر کو آگاہ کیا۔اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے ادارے کے لئے پانچ عدد سلائی مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :