Live Updates

راولپنڈی عدالت میں برطانوی شہری کو سزائے موت پر کیمرون کا اظہارتشویش،معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں، شہباز شریف سے بھی رابطہ کیاہے،برطانوی وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں بیان

جمعرات 30 جنوری 2014 19:36

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان میں برطانوی شخص کو توہینِ رسالت کے جرم میں سزائے موت سنائے جانے پر شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی حکام کو اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روزلندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں محمد اصغر کے معاملے پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کو برطانوی تشویش سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم اس معاملے میں انتہائی سنجیدگی سے کام لے رہے ہیں اور یہ بات ہر سطح پر واضح کر دی گئی ہے۔ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ مجھے محمد اصغر کو سنائی جانے والی سزائے موت پر شدید تشویش ہے یہ ہماری دیرینہ پالیسی ہے کہ ہم سزائے موت کی ہر حالت میں مخالفت کرتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی حکام کو اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔برطانوی وزیراعظم نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ دفترِ خارجہ کی برطانوی وزیر سعیدہ وارثی نے اس سلسلے میں پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف سے بھی بات کی ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات