گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبا اورسینٹررحمن ملک کی لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات ،الطا ف حسین کا سابق صدر آصف زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار،مفاہمت کی فضاء کے قیام کے سلسلے میں سینیٹررحمن ملک کے کردار کو بھی سراہا

جمعرات 30 جنوری 2014 19:36

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان اورسابق وزیرداخلہ اورپاکستان پیپلزپارٹی اوورسیز کے نائب صدرسینٹررحمن ملک نے گزشتہ شب ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت بھی موجودتھے ۔ ملاقات انتہائی خوشگوارماحول میں ہوئی جس میں اس بات پر اتفاق کیاگیاکہ پاکستان کواس وقت جن داخلی وخارجی چیلنجز کاسامنا ہے اس کے پیش نظر ملک کی تمام جماعتوں اورعوام کے تمام طبقات کے مابین اتحادواتفاق کی اشدضرورت ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیاکہ سندھ میں آباد تمام طبقات کے مابین نفاق نہیں بلکہ یکجہتی اورافہام وتفہیم کاہوناضروری ہے ۔ ملاقات میں سیاسی قوتوں بالخصوص ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے مابین دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف ہم آہنگی اوربہترتعلقات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ ڈاکٹرعشر ت العباد نے پاکستان کودرپیش مسائل وچیلنجز سے تفصیل سے آگاہ کیا اورصوبوں اوروفاق کے درمیان ہم آہنگی اوراتفاق رائے بڑھانے کی ضرورت سے آگاہ کیا۔

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جہاں پوری قوم کامتحدہونا ضروری ہے وہاں ملک کی سیاسی قوتوں کوتمام تر سیاسی مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کرملکی بقاء اوراستحکام کیلئے متحد ہونابھی اشدضروری ہے۔ سینیٹررحمن ملک نے اس موقع پر الطاف حسین کوپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر مملکت آصف زرداری کاخصوصی پیغام پہنچایا اورخیرسگالی کے جذبات پہنچائے۔اس موقع پر الطا ف حسین نے بھی سابق صدر آصف زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ انہوں نے مفاہمت کی فضاء کے قیام کے سلسلے میں سینیٹررحمن ملک کے کردار کو بھی سراہا ۔