جان کو شدید خطرات لاحق ہیں کچھ ہوجائے تو کارکن حق پرستی کے سبق کو نہ بھولیں، الطاف حسین،رابطہ کمیٹی، منتخب نمائندے اور مختلف شعبوں کے ذمہ داران میرے بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ،ایم کیوایم

جمعرات 30 جنوری 2014 19:23

جان کو شدید خطرات لاحق ہیں کچھ ہوجائے تو کارکن حق پرستی کے سبق کو نہ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ عالمی سطح پران پر طرح طرح کے جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں لیکن وہ کسی بین الاقوامی طاقت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔لندن سے جاری اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی جان کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں کبھی باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکایا اور قیدوبند کی صعوبتوں کے باوجود اپنے مشن کوجاری رکھا، ان کے خلاف جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات بنانے کی سازش کا مضبوط جال بچھایا گیا ہے لیکن وہ کسی بھی بین الاقوامی طاقت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ رابطہ کمیٹی، منتخب نمائندے اور مختلف شعبوں کے ذمے داران ان کے بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کارکن ان کے دیئے گئے سبق کو ہر گز نہ بھولیں، ذمہ دار فرائض منصبی پر عمل کریں اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور قیادت سے ہر حال میں رابطے میں رہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو مطلوب قرار دینے اور منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے کئی اکاؤنٹس منجمد کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔