سلیم سیف اللہ خان کا محمد نواز شریف کی طرف سے طالبان سے مذاکرات کے فیصلے کا خیر مقدم

جمعرات 30 جنوری 2014 16:59

لکی مروت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے طالبان سے مذاکرات کے فیصلے اور اس مقصدکیلئے چاررکنی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے ۔اور کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے طالبان کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت دیکر ایک ذمہ دار اور محب الوطن قومی لیڈر کا ثبوت دیاہے ۔

اپنے ایک بیان میں سلیم سیف اللہ خان نے طالبان سے مذاکرات کرنے اور طالبان کی طرف سے بھی مثبت جواب دینے کی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئیند ہے کہ امن کو ایک بھرپور موقع فراہم کیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کمیٹی میں صحیح نمائندے منتحب کئے ہیں جو میں اسے ذاتی طور پر جانتاہوں اور امیدکرتا ہوں کہ انشاء اللہ یہ کمیٹی مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں گی تاہم حکومت سے مطالبہ ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کو بااختیار بنانے کیلئے تمام واک و اختیار ات دیدیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مذاکرات اور جرگے سے بھی تمام مسائل اور پیچیدہ ترین مشکلات کا حل ممکن ہے ۔ہم نے بھی ضلع لکی مروت میں ایک کامیاب جرگہ بنایا ہے جو مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے انتیظامیہ سے مل کر گفت و شنید اور مذاکرات کرتی ہیں کیونکہ جنگ اورتشدد کا نتیجہ ہمیشہ تباہی اور پچیدگیوں میں اضافہ کی صورت سامنے آتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور طالبان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے وسیع ترمفاد میں مذاکرات کامیاب بنانا چاہئے تاکہ ملک میں امن کا دور دورہ ہو اور ملک ترقی و خوشحالی کی منزل پر گامزن ہوسکے ۔