رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سویابین اور پام آئل کی درآمدات میں بالترتیب 27.24 اور 11.47 فیصد کمی دیکھی گئی

جمعرات 30 جنوری 2014 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سویابین اور پام آئل کی درآمدات میں بالترتیب 27.24 اور 11.47 فیصد کمی دیکھی گئی- پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سویابین آئل کی درآمدات 27 فیصد کمی کے ساتھ 30 ہزار 825 میٹرک ٹن رہی جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 34 ہزار 379 میٹرک ٹن سویابین آئل درآمد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران پام آئل کی درآمدات 11.47 فیصد کمی کے ساتھ 90 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کا پام آئل درآمد کیا گیا تھا۔ دسمبر 2013ء کے دوران سویابین اور پام آئل کی درآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران خوراک کی مجموعی درآمدات میں 6.98 فیصد کمی آئی ہے۔ جولائی 2013ء سے دسمبر 2013ء کے دوران 2 ارب 11 لاکھ ڈالر کی خوراک درآمد کی گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 2 ارب 16 کروڑ ڈالر مالیت کی اشیاء خورد و نوش درآمد کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :