وزیر اعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس کل طلب کرلیا، حکومت سے مذاکرات کیلئے تحریک طالبان پاکستان کامشاورتی اجلاس جاری

جمعرات 30 جنوری 2014 16:02

وزیر اعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ..

اسلام آباد(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کالعدم تحریک طالبان سے مذکرات کے لئے تشکیل دی جانے والی 4 رکنی کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس کل طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم نواز شریف نے کمیٹی کا پہلا اجلاس کل صبح 9 بجے طلب کیا ہے جس میں کمیٹی کے چاروں اراکین اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کے لئے باضابطہ طور پر حکمت تیار کیا جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی کا پہلا غیر رسمی اجلاس آج اسلام آباد میں متوقع ہے جس میں کمیٹی کے اراکین مذاکرات سے متعلق حکمت تیار کریں گے جب کہ حکومت کے اعلان پر طالبان کے رد عمل کے بعد مذاکرات کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت سے مذاکرات کیلئے طالبان کامشاورتی اجلاس جاری ہے۔ مذاکرات کیلئے طالبان نے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل کیلئے ناموں پرمشاورت کیلئے طالبان کی کمیٹی کا اجلاس آئندہ چند روز میں ہوگا طالبان ذرائع کے مطابق مذاکرات کیلئے کمیٹی کی تشکیل کیلئے طالبان کے تین اہم کمانڈروں نے دوسرے گروپ کمانڈوں سے مشاورت کا سلسلہ آج دوسرسے بھی جاری ہے تمام گروپ کمانڈروں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد طالبان کی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوگا جس میں کمیٹی کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا دوسری طرف تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کاکہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور جس طرح وزیر اعظم ملک میں دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس طرح ہم ملک میں شریعت کے نفاذ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا آئندہ چند روزمیں حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے ناموں کا اعلان کیاجائے گا ۔