سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کا سیکرٹری منصوبہ بندی کمیشن کی مسلسل عدم حاضری پر برہمی کا اظہار ،اجلاس احتجاجاً ملتوی

جمعرات 30 جنوری 2014 14:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی پانی و بجلی کے چیئر مین سینیٹر زاہد خان نے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور سیکریٹری منصوبہ بندی کمیشن کی اجلاس میں مسلسل عدم حاضری پر کمیٹی کا اجلاس احتجاجاً ملتوی کر دیا گیا۔وفاقی وزیر اور سیکریٹری کی عدم خاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ بیوروکریسی قومی و عوامی مفادات کے منصوباجات کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ ہیں ، اگر رویہ درست نہ کیا گیا تو وزیر اعظم سے ان کے خلاف کاروائی کی تحریری درخواست کرونگا۔

چیئر مین کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے پچھلے اجلاس میں سیکریٹری منصوبہ بندی کمیشن کی اجلاس کی یقین دہانی کرائی تھی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین واپڈا اور واپڈا افسران پائیڈو کے چیف اور کے پی کے کے افسران قوم کے ٹیکسوں سے حاصل کر دہ رقوم خرچ کر کے اجلاس میں شریک ہیں منصوبہ بندی کمیشن کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پانی و بجلی کے اہم ترین منصوبہ جات تاخیر کا شکار ہیں منڈا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے 2010کے سیلاب میں ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے اس ڈیم کی تکمیل سے سندھ بلوچستان اور پنجاب میں سیلاب کی تباہی کو روکا جا سکتا ہے ۔

سینیٹر زاہد خان نے منصوبہ بندی کمیشن کی عدم توجہ ، عدم دلچسپی کو قومی بد دیانتی کے مترادف قرار دیا اور سیکریٹری منصوبہ بندی کی اجلاس میں مسلسل غیر حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے بیوروکریٹس کی تنخواہ منہاکرنے اور متعلقہ افسر کی اے سی آر میں کمیٹی کی سفارش کو شامل کیا جائے۔اجلاس میں سیکریٹری پانی و بجلی ، چیئر مین واپڈا ، چیف پائیڈو کے علاوہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 7فروری کو طلب کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :