واپڈا کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بجلی کے نرخوں میں ایک روپیہ نو پیسہ فی یونٹ کا اضافہ کیا جارہا ہے ، نیپرا کا اعلان

جمعرات 30 جنوری 2014 14:37

واپڈا کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بجلی کے نرخوں میں ایک روپیہ نو پیسہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اعلان کیا ہے کہ واپڈا کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بجلی کے نرخوں میں ایک روپیہ نو پیسہ فی یونٹ کا اضافہ کیا جارہا ہے ،بجلی کے نظرثانی شدہ نرخوں کو فروری کے مہینے کے بلوں میں صارفین سے وصول کیا جائیگا، اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ہر مہینے پچاس یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے یہ وصول نہیں کیا جائیگا،ساتھ ہی کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن جس کا نام اب کے-الیکٹرک ہوگیا ہے کے صارفین پر بھی یہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ اکثریت کے ووٹوں کے ذریعے کیا گیا، نیپرا کے وائس چیئرمین خواجہ محمد نعیم اور رکن ریٹائرڈ میجر ہارون رشید نے حق میں جبکہ سندھ کے رکن حبیب اللہ خلجی نے اس کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

دو مختلف نوٹیفکیشن میں نیپرا نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر کے لیے فیول چارجز کے حوالے سے سات روپے انچاس پیسے کی لاگت کی منظوری دی گئی تھی جبکہ آٹھ روپیہ پچیس پیسہ فی یونٹ کی لاگت آئی، چنانچہ واپڈا کی کمپنیوں کی اوسط لاگت 76 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوگیا۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اکتوبر کے مہینے میں اپنے صارفین کو آٹھ اعشاریہ سولہ ارب یونٹس کی بجلی فروخت کی تھی اسی طرح گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں فیول کی لاگت کا تخمینہ چھ روپیہ چھیانوے پیسہ فی یونٹ لگایا گیا تھا جبکہ سات روپیہ تین پیسہ فی یونٹ اس مد میں خرچ ہوئے، اس طرح فیول چارجز میں 33پیسے فی یونٹ کا اضافہ واپڈا کمپنیوں کیلئے منظور کیا گیا۔

نومبر کے مہینے کے دوران واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں نے چھ اعشاریہ چھ ایک ارب یونٹس کی بجلی اپنے صارفین کو فروخت کی تھی۔نیپرا کا کہنا ہے کہ فروری 2014ء کے مہینے میں صارفین کے بلوں میں دو ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔نیپرا کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے خودکار فارمولے کے تحت فیول کی لاگت کا فرق کا تعین کرکے اسے ہر مہینے براہِ راست صارفین کو منتقل کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :