الطاف حسین سےرحمان ملک کی ملاقات، دہشتگردی کےخلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق

جمعرات 30 جنوری 2014 13:23

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے ملاقات کی ہے جس میں دہشتگردی اورانتہاپسندی کےخلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ہے۔لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رحمان ملک کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان بھی موجود تھے، جنہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کو وطن عزیز کو درپیش مسائل اورچیلنجز کے بارےمیں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد کو سابق صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ الطاف حسین نے بھی ملک میں مفاہمت کی فضا کےقیام کے سلسلے میں رحمان ملک کے کردار کو سراہا اور سابق صدر آصف زرداری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی، یکجہتی اور افہام و تفہیم کا ہونا ضروری ہے۔