مارچ تک بدین سے 50ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں آجائے گی، مفتاح اسماعیل

منگل 28 جنوری 2014 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) وزیر اعظم کے خصوصی مشیر اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مارچ تک بدین سے 50ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں آجائے گی، حکومت بلند عمارتوں کے لئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرے۔پاکستان میں ٹیکس جمع کرنے کا نظام پیچیدہ ہے جس میں بہتری کی ضرورت ہے،کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے ۔

وہ پیرکوسائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اورصنعتکاروں سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی زوہیرصدیقی سمیت تاجروصنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایل این جی کی درآمد سے اس قلت میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

مالی بحران کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو پاکستان اسٹیل سے 20ارب جبکہ کے ای ایس سی سے 45ارب روپے وصول کرنے ہیں۔سائٹ میں گیس پائپ لائن کا مسئلہ حل کیا جائے گا، حکومت صنعتوں کو پانی، بجلی اور گیس کم قیمت پر فراہم کرے گی، لیکن امرا کو سبسڈی نہیں دے گی، انھوں نے کہا کہ ایک سے دو ماہ میں بدین سے پچاس ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں آجائے گی، جبکہ زرغون سے پائپ لائن بچھانے کے بعد مزید پچیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا اضافہ ہوگا، انھوں نے کہا کہ سی این جی سیکٹر کی مشاورت سے موسم گرما میں سی این جی کی بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا جائے گا۔

بجلی، گیس اور پانی کو اصل قیمت پرہی فروخت کیا جائے گا۔ اس وقت پابندی ہے مگر ہم بلندو بالاعمارتوں پر مشتمل ہاؤسنگ اسکیموں کو بھی گیس فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں میری اپنی فیکٹری گیس سے محروم ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہوئی مگر مقامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی مخالفت کی جارہی ہے مگرحکومت آخر کب تک ان اداروں کا بوجھ برداشت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ نجکاری کے لئے چیمبرز اور تجارتی انجمنیں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ایم ڈی سوئی سدرن گیس زوہیر صدیقی نے کہا کہ مارچ تک سسٹم میں زرغون گیس فیلڈ سے گیس شامل ہوجائے گی جبکہ سی این جی والوں سے بھی بات کی جارہی ہے کہ دن میں سی این جی بند اور شام چھ سے صبح سات بجے تک سی این جی اسٹیشنز کھولے جائیں۔

متعلقہ عنوان :