دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرچکے ہیں ، آپریشن یا مذاکرات کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کرینگے ،شاہد خاقان عباسی

منگل 28 جنوری 2014 16:24

دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرچکے ہیں ، آپریشن یا مذاکرات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرچکے ہیں ، طالبان کے خلاف آپریشن یا مذاکرات کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کرینگے ، ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ضروری آپریشن حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین نے طالبان کیخلاف آپریشن یا مذاکرات کرنے کا مینڈیت وزیراعظم میاں نواز شریف کو دیا ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اب وزیراعظم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ آپریشن یا مذاکرات پہلے کی طرح اب بھی آپشن ہی ہیں تاہم اگر سنجیدہ مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی تو مذاکرات اب بھی حکومتی ترجیح ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ضروری آپریشن حکومت کی ذمہ داری ہے اور اب بھی جہاں جہاں ضرورت پڑتی ہے وہاں پر حکومت آپریشن کررہی ہے تاہم اگر طالبان کیخلاف آپریشن کیا گیا تو اس میں مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھیں گے۔