امریکہ کی جانب سے شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط امداد لینے سے انکار کردیا ہے اور نہ ہی کوئی مشروط امداد لینگے ،رانا محمد افضل ، نادرا کے پاس کسی فرد کی مالی پوزیشن کے بارے میں اعداد و شمار نہیں ہوتے ، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات ، سائبر کرائمز میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اس بارے میں قانون لا رہی ہے ، مریم اورنگزیب

پیر 27 جنوری 2014 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ حکومت نے امریکہ کی جانب سے شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط امداد لینے سے انکار کردیا ہے اور نہ ہی کوئی مشروط امداد لینگے ، 1999ء کی طرح اب بھی ڈالر کو اپنی پرانی سطح پر لایا جائیگا ، نادرا کے پاس کسی فرد کی مالی پوزیشن کے بارے میں اعداد و شمار نہیں ہوتے ،ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے نئے طریقے متعارف کرا رہے ہیں ، سائبر کرائمز میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اس بارے میں قانون لا رہی ہے ،خوددمختار اداروں کے بورڈز کے اجلاس اب پرتعیش مقامات پر نہیں ہو سکیں گے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے بتایا کہ حکومت نے یکم جولائی 2013ء سے 30 ستمبر 2013ء تک اسلامی ترقیاتی بینک اور سعودی عرب سے 23 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ لیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے دس کروڑ ڈالر دو فیصد شرح سود پر حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایڈ نہیں ٹریڈ کے خواہشمند ہیں۔

امریکہ کی جانب سے شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط امداد لینے سے انکار کردیا ہے ایسی کوئی مشروط امداد نہیں لیں گے۔ رانا محمد افضل نے بتایا کہ سٹیٹ بینک اوپن مارکیٹ سے ڈالر نہیں خریدتایہ بیرونی سرمایہ کاری ‘ ترسیلات اور غیر ملکی قرضوں سے حاصل ہوتے ہیں‘ جس طرح 1999ء میں ڈالر کی قیمت واپس اپنی جگہ پر لائے تھے اب بھی لائیں گے۔ اس وقت ڈالر کی قیمت 111 روپے سے کم ہو کر 105 روپے تک آگئی ہے۔

اس سے 149 ارب روپے کے نقصان سے بچے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں 368 ملین ڈالر سرپلس ہوئے۔ حکومت نے بیرون ملک جانے والوں کے لئے پانچ ہزار ڈالر تک لے جانے کی اجازت دی ہے جبکہ ایسے افراد سے کہیں گے کہ وہ ویزہ‘ کریڈٹ کارڈ کی طرف آئیں۔پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ نادرا کے پاس کسی فرد کی مالی پوزیشن کے بارے میں اعداد و شمار نہیں ہوتے۔

ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے نئے طریقے متعارف کرا رہے ہیں۔ ہر سال ایک لاکھ نئے افراد ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ رانا افضل نے بتایا کہ 2011-12ء میں 15 سے 24 سال تک کی عمر کی شرح خواندگی 72 فیصد تک بڑھی ہے۔ رانا محمد افضل نے بتایا کہ پاکستان تخفیف غربت فنڈ کے پاس 25 ارب روپے کے فنڈز ہیں ان میں سے 17 ارب روپے چھوٹے قرضوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آبادی اسی شرح سے بڑھتی رہی تو غربت میں کمی نہیں ہوگی۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ جولائی سے نومبر 2013ء کے دوران کل خسارہ ایک ارب 88 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا ، گزشتہ اس دورانیہ میں یہ خسارہ 68 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔ اتحادی سپورٹ فنڈ سے اس سال صرف 30 کروڑ ڈالر رواں سال ملے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسی سے بینک اب انڈسٹری کو زیادہ پیسے دے رہے ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سائبر کرائمز کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اس حوالے سے جلد ہی قانون متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت اس جرم میں ملوث افراد کو سزا دی جا سکے گی انہوں نے بتایا کہ سائبر کرائمز میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ میں 53 سیٹ اپ کی نشاندہی ہوئی جو ایک ارب 50 کروڑ روپے اس سے حاصل ہوتے تھے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اس بارے میں قانون لا رہی ہے۔ اس کے مسودہ کو حتمی شکل دی جاچکی ہے جب یہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ اس قانون میں تمام سائبر جرائم کی سزا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا تمام ڈیٹا فراہم کر دیا جائیگا۔پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ بینک دولت اور سیکیورٹیز و ایکسچینج کمیشن کی طرف سے سرکاری شعبہ کے اداروں کے ضمنی قوانین کی روشنی میں بورڈ میٹنگز کے لئے اراکین کو اعزازیہ ادا کیا گیا یہ اعزازیہ 8,8 ہزار ڈالر تک رہا تاہم اب اس کی حد مقرر کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب یہ کمپنیاں دوبئی یا دیگر پرتعیش مقامات پر یہ اجلاس نہیں کر سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری فنانس کئی اداروں کے بورڈ ممبران ہیں۔ ایک ایک آفیسر کئی کئی اداروں کے بورڈز کا ممبر ہے۔