کراچی میں امن وا مان کے لحاظ سے اس وقت ہم غیر معمولی حالات سے گذر رہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سخت قوانین کا نفاذ اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں دہشت گردوں ، بھتہ خوروں اور اغواکاروں کے خلاف مقدمات کو تیز کرنا کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابی اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر ہے،تین روزہ پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 27 جنوری 2014 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن وا مان کے لحاظ سے اس وقت ہم غیر معمولی حالات سے گذر رہے ہیں اور اس صورتحال سے کامیابی سے نمٹنے کے لئے مجرموں کے خلاف سخت قوانین کے ساتھ ساتھ فوری انصاف کے لئے دہشت گردی کے مقدمات کو تیزی سے مکمل کرنے کے نظام پر عملددرآمد کو یقینی بنانا ہوگا تا کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیرکو کراچی چڑیا گھرمیں تین روزہ پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سخت قوانین کا نفاذ اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں دہشت گردوں ، بھتہ خوروں اور اغواکاروں کے خلاف مقدمات کو تیز کرنا کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابی اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

مجرموں کے خلاف سخت ایکشن کے عزم کا دفاع کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس صورتحال جس میں معصوم لوگوں ، سیکورٹی اہلکاروں کو بلاجواز قتل کیا جارہا ہو تو اس وقت جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت اقدامات کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے، تاکہ قانون کی حکمرانی کو قائم کیا جائے جو کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس ذمہ داری کااحساس کرتے ہوئے حکومت سندھ نے وفاقی حکومت کے تعاون سے 4 ستمبر 2013سے دہشت گردوں ،اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے خلاف شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے اب تک15 ہزار مشتبہ ملزم گرفتار کئے گئے جن میں سے تفتیش کے بعد کئی ملزمان رہا کئے گئے جبکہ 1 ہزارسے زیادہ مجرموں کو انسداد دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں شواہد کے ساتھ چالان کیا گیا ہے جن میں انہو ں نے کئی جرائم میں ملوث ہونے کا اقرار بھی کیا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ مقدموں کی رفتار ابھی بھی بہت سست ہے جس کے کئی اسباب ہے،ایک طرف تو ہم نے کراچی میں انسداددہشت گردی عدالتوں کی تعداد بڑھا کر15 کردی ہے دوسری طرف ہم عدلیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مقدموں کی کاروائی میں تیزی لائی جا سکے باالخصوص ان مقدموں جن میں ٹارگٹڈا ٓپریشن میں پکڑے گئے ملزمان کو چالان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے اور عدالتوں میں ان کے مقدمے چلائے جارہے ہیں اب دہشتگردوں کو مثالی سزائیں ہی فورسز کا مورال بلند کر سکتی ہے ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں پر دہشتگردوں کے حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہو رہے بلکہ اہلکاروں کے مورال اور حوصلے بلند ہے اور وہ دہشتگردوں سے بلند حوصلوں اور زیادہ جذبہ اور طاقت سے صف آراء ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کو تربیت اور پولیس فورسز میں تازہ بھرتیوں کے علاوہ جدید اسلحہ ،بلٹ پروف جیکٹس اور گاڑیاں اور بارودی مواد کی نشاندہی کرنے والے آلات اور پولیس کو مضبوط کرنے کے لئے مزید وسائل فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ مجرموں کا صفایا ہو سکے۔ قبل ازیں کراچی چڑیا گھر میں پھولوں کی نمائش کی تین روزہ تقریبات کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پھولوں کی نشونماء سے خوبصورت اور صحت بخش فضا پیدا ہوتی ہے لیکن لوگوں میں خوشی، اندرونی تسکین امن وامان اور پیار محبت کا جذبہ ایسا ذریعہ ہے جس سے ہر موسم بہار سا ہی لگتا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ امن وامان ، توانائی ، پینے کا صاف پانی ، سستے اور معیاری سفری زرائع کراچی کے لوگوں کے اہم مسائل ہیں جن کے لئے حکومت سندھ اولیتی بنیادی پر کام کررہی ہے۔کراچی کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے K-4 منصوبہ ، کراچی سرکلر ریلورے ، بجلی کی پیداواور، اور پانی کو صاف کرنے کے لئے کئی منصوبوں پر کام ہاتھوں ہاتھ کیا جارہا ہے۔

انہو ں نے بتایا کہ انہو ں نے آج ہی اس حوالے سے برطانوی ہائی کمیشن سے بھی بات چیت کی ہے جس میں برطانوی کمپنیاں کراچی میں کچرے سے بجلی کی -800 میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں دلچسپی لے رہی ہے۔کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطالبات پر وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے چڑیا گھر کی ترقی کے کاموں کے لئے10 ملین روپے گرانٹ کا اعلان کیا اور چڑیا گھر میں بڑے جانور لانے اور حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :