Live Updates

پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی حکمت عملی طے کر لی،منصوبے پر عملدرآمد سے پاکستان اور پنجاب میں خوشحالی کا انقلاب آئے گا‘ شہباز شریف ،قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ،توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کر کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں گے،پنجاب میں 6مقامات پر کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں، ساہیوال میں حکومت اپنے وسائل سے 660میگا واٹ کے دو پلانٹس خود لگائے گی،توانائی کے منصوبوں کو وقت ضائع کئے بغیر آگے بڑھایاجائے، کول پاور پلانٹس کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ یا خلل برادشت نہیں کی جائیگی،توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

پیر 27 جنوری 2014 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے پر عملدرآمد سے نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی لانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ منصوبہ پاکستان اور پنجاب میں خوشحالی کا انقلاب لائے گا۔ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے قومی اہمیت کے اس منصوبے کے تحت صوبے میں6مقامات پر پاور پلانٹس لگائے جائیں گے،پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ساہیوال میں کوئلے سے 660 میگاواٹ کے2 پاور پلانٹس خود لگارہی ہے،قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔

توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام کرکے انہیں تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیگا تاکہ قوم کو جلدازجلد بجلی کے بحران سے نجات دلائی جاسکے ۔وہ سوموار کے روز یہاں کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے پر پیشر فت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے- اجلاس میں ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبے پر کام کی رفتاربڑھانے کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، ایم ڈی نیسپاک،سیکرٹری معدنیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی کے پلانٹس لگانے کی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے اور ان پا ور پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی، زراعت،صنعت،تعلیم،صحت اوردیگرسماجی شعبوں کی ترقی اوراستعدادکار میں اضافے کے لیے بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا بے حد ضروری ہے ۔ حکومت بجلی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے- توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں- انہوں نے کہاکہ کوئلے کے ذریعے بجلی کی پیداوار پرمبنی منصوبے کا مقصد پرائیویٹ شعبے کی حوصلہ ا فزائی اور توانائی کے بحران کے خاتمے میں حکومتی کا وشوں میں نجی شعبے کو شامل کرناہے- انہوں نے کہا کہ کول پاور پلانٹس کیلئے مختص کئے گئے قطعات اراضی نہایت شفاف طریقے سے نجی شعبے کے سپرد کیا جائے گااور اس مقصد کے لئے قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں اشتہارات دئیے جا رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ توانائی کے بحران کا جلد خاتمہ ہماری ترجیح ہے اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت ساہیوال میں اپنے وسائل سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے 660 میگا واٹ کے دو پاور پلانٹس خود لگا رہی ہے- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے پیش رفت یقینی بنائی جائے- کول پاور پلانٹس کے منصوبے میں کوئی رکاوٹ یا خلل برداشت نہیں کروں گا-انہوں نے کہاکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو شفاف طریقے سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے- منصوبوں میں تاخیر کسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہاکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ بھی انتہائی ضروری ہے- اس مقصد کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے منصوبے پر پیشرفت اور ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات