محاصل کی تقسیم میں صوبے کے ساتھ نا انصافی اور حق تلفی کی روش ترک کی جائے،پرویزخٹک،محاصل کی تقسیم کے اگلے ایوارڈ میں غربت اور پسماندگی کی مد میں بالترتیب 15 اور 10 فیصد شرح محاصل کی تقسیم کے فارمولے شامل کئے جائیں ، وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 27 جنوری 2014 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ محاصل کی تقسیم میں صوبے کے ساتھ نا انصافی اور حق تلفی کی روش ترک کی جائے محاصل کی تقسیم کے اگلے ایوارڈ میں نہ صرف غربت اور پسماندگی کی مد میں بالترتیب 15 اور 10 فیصد شرح محاصل کی تقسیم کے فارمولے شامل کئے جائیں بلکہ صوبے کو بدا منی کی جس جنگ میں جھونک دیا گیا ہے اس کے نقصانات کی تلافی کیلئے محاصل کا کم ازکم 5 فیصد حصہ دیا جائے پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبے کے بقایا جات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اسی طرح وفاقی ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے اور آئندہ پی ایس ڈی پی کی تقسیم منصفانہ طریقے سے کی جائے وہ اسلام آباد میں صوبے کے حقوق اور مالی وسائل کے بارے میں خیبرپختونخوا کے اراکین پارلیمنٹ کے ایک مشترکہ جرگے سے خطاب کر رہے تھے جو اُنہی کی زیر صدارت پختونخوا ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ نے کثیر تعداد میں شرکت کی وزیر اعلیٰ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ خام تیل کی پیداوار پر ایکسائز ڈیوٹی عائد کر کے صوبے کو ادائیگی شروع کی جائے صوبے کو واجب الاادا پانی کا معاوضہ بھی ادا کیا جائے اور اسی طرح صوبوں کو آئین میں موجود براہ راست قرضہ جات کے حصول کیلئے درکار قانونی فریم ورک فوری طور پر مہیا کیا جائے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ادارے بعض معاملات میں صوبے کی حق تلفی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور جب بات صوبے کے حقوق کی آئے گی تو ہم سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے حقوق کیلئے نہ صرف متحد ہو جائیں گے بلکہ اس کیلئے عملی جدوجہد بھی کریں گے اُنہوں نے کہا کہ وفاق کو صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک کی پالیسی کو ترک کرنا ہو گا کیونکہ اس سے بد اعتمادی کی فضاء پیدا ہو تی ہے جو صوبے کے امن و امان اور ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر اُبھر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کامیاب جرگے کے انعقاد پر سینئر صوبائی وزیر خزانہ سراج الحق اور محکمہ خزانہ کے افسران کی شب و روز کاؤشوں کو سراہا اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر خزانہ سراج الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :