ذکا اشرف بحالی کیس، چیرمین پی سی بی کی بحالی سےعبوری کمیٹیاں ختم ہوگئیں، سپریم کورٹ

پیر 27 جنوری 2014 16:07

ذکا اشرف بحالی کیس، چیرمین پی سی بی کی بحالی سےعبوری کمیٹیاں ختم ہوگئیں، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) سپریم کورٹ نے ذکا اشرف کی بحالی کے خلاف نظر ثانی درخواست پر ریمارکس دیئے ہیں کہ چیرمین پی سی بی کی بحالی سے عبوری کمیٹیاں خود ہی ختم ہوگئیں۔ سپریم کورٹ میں ذکا اشرف بحالی کیس کی سماعت کے دوران سماعت وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹر اکورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا ، پی سی بی کے الیکشن کرانے کے لئےالیکشن کمیشن کو درخواست دی گئی تھی،الیکشن کمیشن نے پی سی بی کے انتخابات کرانے سے انکار کر دیا تھا تاہم بعد میں الیکشن کمیشن نے پی سی بی انتخابات کی فیس 35 لاکھ روپے رکھی، پی سی بی کے 80 ووٹرز ہیں، 35 لاکھ فیس کے ساتھ یہ انتخابات دنیا کے مہنگے ترین انتخابات ہوں گے, حکومت نے 90 دن کے لیے عبوری کمیٹی بنائی تھی، عبوری کمیٹی میں ہارون رشید،نجم سیٹھی، نوید چیمہ، شہریار خان اور ظہیر عباس شامل تھے، یہ عدالت کا کام نہیں کہ چیرمین پی سی بی کو تعینات کیا جائے.جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ عبوری کمیٹیاں صرف خلاپُرکرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں، ذکا اشرف کی تعیناتی پی سی بی کے قانون تحت کی گئی تھی،ان کی بحالی سے عبوری کمیٹیاں خود بخود ختم ہو گئیں، اگر کوئی ہائی کورٹ کے فیصلے سے متاثر ہوا ہے تو اسے عدالت آنا چاہئے اور اگر حکومت یا پی سی بی کے پاس چیرمین کی برطرفی کا اختیار ہے تو پھر وہ عدالت سے کیوں رجوع کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیس کی مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔