کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے

پیر 27 جنوری 2014 15:43

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی کے احکامات کھوکھاتے پابندی کے پہلے دن ہی موٹرسائیکل سوارمسلح افراد نے پیرآبادتھانے کی حدودقصبہ کالونی میں فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں کوقتل کردیا،مچھر کالونی سے گرفتار ملزم نے 11 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے جبکہ قانون نافذکرنے والے اداروں نے ٹارگیٹڈآپریشن کے دوران95افرادکو حراست میں لے کراسلحہ برآمدکرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے مگر ٹارگٹ کلرز نے پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔اورنگی ٹاون کے علاقے قصبہ کالونی میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے دکان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو بھائی34سالہ محمد ریاض ولدمحمدانور اور 38سالہ محمدابراہیم ولدمحمدانور جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق مقتول ریاض اور ابراہیم دکان کھولنے جارہے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوارافراد نے فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے۔چوہدری اسدکے مطابق مقتولین پر اس سے قبل بھی کئی حملے ہوچکے ہیں اور شواہد کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے ، واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھرسخی حسن کے قریب ہارون شاپنگ مال کے سروس روڈپر نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے 35سالہ محمدشاہد ولدمحمدشاکرکوزخمی کردیا۔زخمی کو طبی امدادکے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔دریں اثنا کراچی کے علاقے مچھر کالونی سے گرفتار ملزم وسیم نے 11 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز مچھرکالونی سے ایک کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں مطلوب ملزم وسیم کو گرفتار کیاگیاتھا۔دوران تفتیش ملزم وسیم نے گیارہ افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں مچھرکالونی اور لیاری میں کی جبکہ ملزم وسیم تاجروں سے لاکھوں روپے بھتہ بھی طلب کرتا تھا ۔دوسری جانب رینجرز نے اے بی سینیا لائن میں چھاپہ مار کر تین افراد کو حراست میں لیا۔ ان افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ ایسٹ زون پولیس نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ترانوے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات، اسلحہ، تین موٹرسائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا۔

متعلقہ عنوان :