وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم نہیں کر رہا، وزیر اعلی بلوچستان

پیر 27 جنوری 2014 13:11

وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم نہیں کر رہا، وزیر اعلی بلوچستان

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ وفاق ترقیاتی منصوبوں کیلئے وعدے کے مطابق فنڈزفراہم نہیں کررہا، اس سلسلے میں جو کچھ مل رہا ہے وہ ناکافی ہے۔کوئٹہ میں پاکستان وژن 2025 کے بارے میں صوبائی مشاورتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے علاوہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر صوبائی وزرا اور حکام نے شرکت کی، کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن وامان کی بحالی اورکرپشن کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، ترقیاتی فنڈز کی مد میں وفاق سے جو کچھ مل رہا ہے وہ ناکافی ہے، وفاق نےترقیاتی فنڈز کی مد میں 45ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر صرف 20 فیصد ملا، اگر بلوچستان حکومت کو وسائل نہیں ملیں گے تو صوبے کے حالات بہتر نہیں ہوں گے، اگر ہمیں فنڈز فراہم کئے جائیں اور وہ خرچ نہ ہوں تو ہم ذمہ دار تصور ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاق بجلی، پانی، سڑکوں کے منصوبوں صوبائی ترجیحات میں رکھے، وفاق میں بلوچستان کے ملازمتوں کے کوٹے پرعمل درآمد کیا جائے، وفاقی حکومت فیڈرل ملازمین کی بھرتیوں کی پابندی سے بلوچستان کو الگ کرے تاکہ صوبے کے نوجوان ملازمتیں حاصل کر سکیں اور صوبے کے مسائل میں کمی ہو۔

متعلقہ عنوان :