شہباز شریف کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس، انسداد دہشت گردی فورس امن و امان کے قیام و سماج دشمن کے خلاف انتہائی موثر ہتھیار ثابت ہوگی، وزیر اعلیٰ پنجاب، غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں، امن وامان کی صورتحا ل کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا،انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت کے لیے علیحدہ سکول بنایاجائے گا،فورس کا پہلا بیچ رواں سال تک تربیت کا عمل مکمل کرلے گا ،دوران ایلیٹ فورس کو انسداد دہشت گردی فورس کے طورپر استعمال کیا جائے گا، ایلیٹ فورس کو اس کے حقیقی چارٹرکے مطابق فرائض تفویض کیے جائیں گے ، شہباز شریف

ہفتہ 25 جنوری 2014 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں لگی بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں اورپوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحدہونا ہوگا۔پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اورتمام متعلقہ ادارے اس مقصد کے لیے جانفشانی اورمحنت سے کام کریں۔صوبے میں سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جائے تاکہ کوئی شر پسند اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے۔وہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خاں ،کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،چیف سیکرٹری،وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون رانا مقبول احمد ،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل،سیکرٹری داخلہ،ترک پولیس کے ماہرین اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کی ری سٹرکچرنگ،ایلیٹ پولیس فورس کی کارکردگی،انسداددہشت گردی فورس کے قیام اور صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس میں بھرتیوں کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے اورفورس میں بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کو شامل کیا جائے اور اس کے ساتھ انسداد دہشت گردی فورس کے لیے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تربیت کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کا علیحدہ ہیڈ کوارٹر ہوگا جبکہ علاقائی دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے ،اس کے ساتھ انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت کے لیے علیحدہ سکول بنایاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے ہیڈ کوارٹر اورتربیتی سکول کے لیے اراضی کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ انسداد دہشت گردی فورس کے لیے اسلحہ کی خریداری اورتربیت کے پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فورس کے لیے جدید اسلحہ کی خریداری اور تربیت کا اہتمام انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ترکی اوربرطانیہ کے ماہرین کے تعاون سے ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے جو کہ انسداد دہشت گردی فورس کو تربیت دینے میں معاون ثابت ہوگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ انسداددہشت گردی کی استعدادکار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اوراس محکمہ کو اپنا علیحدہ انٹیلی جنس نظام بھی وضع کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ میں انتہائی موثر ہتھیار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کا پہلا بیچ رواں سال تک اپنی تربیت کا عمل مکمل کرلے گا تاہم اس عرصہ کے دوران ایلیٹ پولیس فورس کو انسداد دہشت گردی فورس کے طورپر استعمال کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کی ملازمت کو فیلڈ سروس قرار دینے کی بھی منظوری دی ۔ انہوں نے کہا کہ 500سب انسپکٹرز کی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں پر سکیورٹی انتظاما ت کو مزید سخت کیا جائے اوران مقامات کی 24گھنٹے نگرانی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹرانسپورٹ کو بھی موثر طریقے سے چیک کیا جائے اور تمام چیکنگ کے عمل کو باقاعدہ مانٹیر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایلیٹ پولیس فورس کو اس کے حقیقی چارٹرکے مطابق فرائض تفویض کیے جائیں گے تاکہ اس فورس کے قیام کے اصل مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتے کے اندر قابل عمل سفارشات تیار کر کے پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے ایلیٹ پولیس فورس کی کارکردگی جانچنے کے لیے نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے تحت ایلیٹ پولیس فورس کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ایلیٹ پولیس سکول کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف مدات میں فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے محکمہ انسداد دہشت گردی کی ری سٹرکچرنگ ،انسپکٹر جنرل پولیس نے ایلیٹ پولیس فورس کی کارکردگی اورصوبے کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات اورایڈیشنل آئی جی محکمہ انسداد دہشت گردی نے محکمے کی استعددکار میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔