اپوزیشن کا لیبل لگا کر بیٹھی سیاسی جماعتیں ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ‘ شیخ رشید احمد

ہفتہ 25 جنوری 2014 15:35

اپوزیشن کا لیبل لگا کر بیٹھی سیاسی جماعتیں ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا لیبل لگا کر بیٹھی سیاسی جماعتوں نے موجودہ حالات میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ، حکومت ہر معاملے میں کنفیوژن کا شکار ہے لیکن بد قسمتی سے وہ کسی کی مشاورت لینے کو بھی تیار نہیں ہے ،حکومت بتائے اے پی سی میں تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر مذاکرات کا فیصلہ کیا لیکن یکدم آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ۔

ایک انٹریو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پارلیمنٹ کی توقیر اور جمہوریت کا راگ الاپنے والے کسی بھی معاملے پر پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں نہیں لے رہے اور ہر معاملے میں ”سولو فلائٹ “ کی جارہی ہے جسکا لا محالہ اس ملک کو نقصان پہنچے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پرویز مشرف کے معاملے پر صرف وقت کا ضیاع کر رہی ہے اور یہ معاملہ صرف دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ہے ۔

انہوں نے اپوزیشن کے کردار کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کم از کم عوام کی آواز ہوں اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا لیبل لگا کر بیٹھی سیاسی جماعتوں کو بھی کہوں گا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں ورنہ ملک کو نا قابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ میرا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ حکومت کو گھر بھیجا جائے بلکہ پالیسیاں تبدیل کرنے کیلئے دباؤ بڑھانے کی بات کرتا ہوں۔