فرقہ واریت کیخلاف تمام مکتب فکر کے علماء متحد ہوکر جدوجہد کریں،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

ہفتہ 25 جنوری 2014 15:30

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء)جیدعلماء کرام،مفتی کرام ،حفاظ اور مذہبی رہنماوٴں نے مسلمانوں کو آپس میں اختلافات ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فرقیواریت کے خلاف تمام مکتب فکر کے علماء متحد ہوکر جدوجہد کریں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت جیکب آباد کی جانب سے مدرسہ علی المرتضیٰ میں عظیم الشان سیرت مصطفی ﷺ کانفرنس سے جید علماء کرام ،مفتی کرام ،حفاظ اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے کے فروغ دینے اور فرقیواریت کے خاتمہ کے لیے عہد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے آپس میں اختلافات کی وجہ سے آج مسلمان پوری دنیا میں بے حسی کی علامت بنے ہوئے ہیں، سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمود الحسن نے کہا کہ مسلمانوں کو ایک جگہ متحد ہونے کی ضرورت ہے اگر آج بھی ہم نے معمولی اختلافات کو ختم نہ کیا تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ، انہوں نے کہا کہ فرقیواریت نے ہماری جڑیں کمزور کردی ہے، جے یو آئی کے رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اتحاد قائم کرکے فرقیواریت پھیلانے والی عالمی سازش کو ناکام بنائیں اور حضورﷺ کی تعلیمات کی روشنی پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ،ختم بنوت کے رہنما مولانا تاج محمد چنہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کے بتائے ہوئے احکامات کے تحت ہمیں محبت،درگذر کرنے اور برداشت کے فلسفے پر عمل اورجھوٹ،نفرت اور دھوکا کو ختم کرنا ہوگا،اس موقع پر مسلمانوں میں اختلافات ختم کرنے اور فرقیواریت کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔