کالعدم تنظیموں کیخلاف پنجاب میں ہمیشہ کارروائی ہوتی رہی ہے ،اب بھی مرحلہ وار آپریشن جاری ہے، رانا ثنا اللہ، مولاناسمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیاگیا تھا ،میڈیا انکی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کی گفتگو سن سکتا ہے ، صوبائی وزیر قانون و بلدیات

جمعہ 24 جنوری 2014 20:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف پنجاب میں ہمیشہ کارروائی ہوتی رہی ہے اور اب بھی صوبے میں مرحلہ وار آپریشن جاری ہے، مولاناسمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیاگیا تھا میڈیا انکی وزیراعظم سے ملاقات کے بعدہونے والی گفتگو سن سکتا ہے ،سزائے موت پر عمل کے لئے کوشاں ہیں ۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں ،فرقہ ورانہ دہشتگردی میں جن کا بھی نام آتا ہے سب کو گرفتار کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پہلے بھی جاری تھا اب اس میں تیزی آگئی ہے۔

وزیر اعظم نے پالیسی واضح کر دی ہے کہ جو گولی کی زبان سمجھتے ہیں ان سے ان کی زبان میں بات کی جائے گی اور جو مذاکرات کرنا چاہتے ہیں ان کے لئے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں خطرناک دہشتگرد قید ہیں اس لئے انکی سیکورٹی بڑھائی ہے مگر سیاستدان اور اینکرز یہ کہتے نہیں تھکتے کہ کوئی دہشتگرد نہیں پکڑا گیا ،میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اگر کوئی دہشت گرد نہیں پکڑا گیا کہ جیلوں کی سیکورٹی دیواروں کے لئے ہے۔ انہوں نے سابق صدر مشرف کے کیس کے حوالے سے سوال کے جواب میں پاکستان میں انجیو گرافی کی بہترین سہولتیں ہیں اور یہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں انجیو گرافیز کی جاتی ہیں تاہم مشرف عدالت کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جاسکتے۔