چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے اعضاء کی پیوندکاری کا مرکز جلد کام شروع کردیگا‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 24 جنوری 2014 16:39

چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے اعضاء کی پیوندکاری کا مرکز جلد کام شروع کردیگا‘ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے اعضاء کی پیوندکاری کا مرکز قائم کیا جارہا ہے جو جلد کام شروع کردے گا اس سلسلہ میں مختلف شعبوں کے طبی ماہرین اور اداروں سے مشاور ت جاری ہے۔

انہوں نے یہ بات یہاں چلڈرن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن سینٹر کے قیام کے سلسلہ میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ڈویلپمنٹ) غلام فرید، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ، چیئرمین شیخ زائد ہسپتال پروفیسرظفر اقبال، ڈاکٹر طارق بنگش ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر ارشد چیمہ،ڈین انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق ، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پروفیسر ہما ارشد چیمہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین شیخ زائد ہسپتال پروفیسر ظفراقبال اور ڈاکٹر طارق بنگش نے ہسپتال میں جگر کی پیوندکاری کی سہولیات اور اس سلسلہ میں چلڈرن ہسپتال کے ساتھ تکنیکی تعاون بارے بریفنگ دی-ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے ا عضاء کی پیوندکاری کے لئے خصوصی طور پر تعمیر کردہ عمارت اور انفراسٹرکچر کی سہولت پہلے ہی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرکز میں کام کرنے کے لئے ڈاکٹرز اور نرسز کو برمنگھم ہسپتال برطانیہ سے تربیت دلوائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری خرچ پر تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹرز و نرسز سے پانچ سال تک سرکاری شعبہ میں خدمات سرانجام دینے کا بانڈ بھی لیا جائے گا۔سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں پیڈزآرگنزٹرانسپلانٹیشن سینٹر قائم کرنے کے لئے شیخ زائد ہسپتال کے علاوہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کراچی کے تجربہ سے بھی استفادہ کیا جائے گا- انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وہ (سیکرٹری صحت) سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کراچی کا دورہ کرکے آئے ہیں جس کے دوران انسٹیٹیوٹ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر ادیب رضوی سے اس موضوع پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور پروفیسر رضوی بھی آئندہ چند دنوں تک لاہور اس مقصد کے لئے آئیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پیوندکاری کے لئے انسانی اعضاء کے عطیات کا حصول ایک اہم مسئلہ ہے جس کے لئے لوگوں کا شعور اجاگر کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ لوگوں کو یہ بات باور کرایا جاسکے کہ وہ جگر یا گردے کا عطیہ دے کر اپنے عزیز، رشتہ دار کی جان بچا سکتے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال میں اعضاء کی پیوندکاری کے مرکز کے قیام کے سلسلہ میں کارروائی تیز کی جائے۔

متعلقہ عنوان :