دہشتگردوں کیخلاف حتمی کارروائی نہ کی گئی تو کل آج سے بڑی قربانی دینا پڑیگی ، علامہ ناصر عباس

جمعہ 24 جنوری 2014 14:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء)مجلس وحد ت المسلمین علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف حتمی کارروائی نہ کی گئی تو کل آج سے بڑی قربانی دینا پڑیگی ،ملک میں اہلسنت، اہل تشیع اور اقلیتوں کو قتل کیا جارہا ہے، پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ، طالبان سے مذاکرات کی باتیں کرنا چھوڑ دینی چاہئیں، باغیوں، دہشت گردوں اور قاتلوں سے مذاکرات نہیں۔

ایک انٹرویو میں مجلس وحدت المسلمین رہنماء علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کیلئے ہمیں دو دو دن سرد ترین موسم میں بیٹھنا پڑتا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں 1700 مقامات پر دھرنے دیئے جارہے ہیں تاہم حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری دہشت گردی سیاسی جماعتوں کی ناکامی ہے، دہشت گردوں نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہوا ہے سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے ابھی سوچ رہے ہیں کہ دہشت گردوں کے ساتھ کیا کیا جائے، ہمارے حکمرانوں نے کبھی پاکستان اور عوام کے مفادات کا خیال نہیں رکھا۔

(جاری ہے)

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں اہلسنت، اہل تشیع اور اقلیتوں کو قتل کیا جارہا ہے، پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں، فوج، پولیس اور عام شہری مر رہے ہیں، دہشت گردوں کی نرسریوں کا خاتمہ کرنا ہوگا، سکیورٹی جوانوں کو مارنے والوں کے ساتھ ساتھ عوام کے قاتلوں کیخلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران کنفیوژن پیدا کررہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو کل آج سے بڑی قربانی دینا پڑے گی، دہشت گرد ملک کیخلاف اکٹھے ہوگئے، پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو دہشت گردوں کیخلاف اکٹھا ہونا ہوگا، طالبان سے مذاکرات کی باتیں کرنا چھوڑ دینی چاہئیں، باغیوں، دہشت گردوں اور قاتلوں سے مذاکرات نہیں، ان کیخلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے ۔