کراچی ، نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس موبائل پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی

جمعہ 24 جنوری 2014 14:47

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) صوبائی دارالحکومت کراچی میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس موبائل پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کے دور ان کالعدم تنظیم کے کارکن اور بھتہ خوروں سمیت 70مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کرلیا ۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح پولیس موبائل معمول کے گشت پر مامور تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان پولیس وین پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دستی بم حملے سے پولیس وین کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک اہل کار زخمی ہوگیا۔

حملے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی زخمی پولیس اہل کار کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیاپولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں ادھر شہر میں پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے کالعدم تنظیم کے کارکن اور بھتہ خوروں سمیت 70 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز نے لانڈھی، قائدآباد، شیر پاوٴ کالونی، شاہ فیصل، مومن آباد اور پاکستان بازار سمیت مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے 70 سے زاہد افراد کو حراست میں لے لیا حراست میں لئے گئے افراد میں کالعدم تنظیموں کے کارکن اور بھتہ خور شامل ہیں، گرفتار کئے گئے افراد سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد کو تفشیش کے لئے مختلف نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا ادھر کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گینگ وار کا اہم کارندہ مار گرایا۔

میمن گوٹھ سے ملنے والی تین لاشوں کی شناخت کرلی گئی مرنے والوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا نوا لین میں رینجرز اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے نتیجے میں گینگ وار کا اہم کارندہ اکبر بلوچ مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم گینگ وار کے ملا نثار کا قریبی ساتھی ہے جو قتل،اقدام قتل،بھتہ خوری سمیت چھبیس مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔

جبکہ دو روز قبل تھانہ میمن گوٹھ کی حدود میں لنک روڈ سے ملنے والی تین افراد کی لاشوں کی شناخت عبدالرزاق ، عنایت اللہ اور احسان اللہ کے نام سے کرلی گئی ہے، مقتولین لانڈھی،مظفرآباد اور قائد آباد کے رہائشی تھے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، ذرائع کے مطابق مقتولین کا قتل آپسی چپقلش کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :