مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائیاں بند کی جائیں ، بائیڈن

جمعہ 24 جنوری 2014 12:45

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) امریکہ نے کہا ہے کہ یوکرائن میں مظاہرین کیخلاف پرتشدد کارروائیاں بند کی جائیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاوٴس نے بتایا کہ نائب صدر جو بائیڈن نے یوکرائن کے صدر وِکٹر یَانوکووچ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں اْنھوں نے مطالبہ کیا کہ دارلحکومت کیومیں مظاہرین اور حکومتی فوج کے درمیان پرتشد کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوٴس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بائیڈن نے لڑائی میں الجھے ہوئے یوکرین کے حکمران سے کہا کہ مزید خون خرابے کے واقعات یوکرین-امریکہ تعلقات پر اثر انداز ہوں گے۔امریکہ نے تشدد کے تازہ ترین واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا کہ اگر صدر ینوکووچ یوکرائن کے عوام کے جمہوری حقوق کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو یوکر ائن کے خلاف ممکنہ پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں۔ محکمہ خارجہ نے تشدد کی کارروائیوں کا الزام حکومت اور دائیں بازو کے انتہا پسندوں پر عائد کیا ۔