برما ، بدھ متوں کے حملے میں 30مسلمان شہید ، درجنوں گھر نذر آتش ، مقامی حکام نے قتل وغارت کی خبریں مسترد کر دیں

جمعہ 24 جنوری 2014 12:44

بینگوئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) برما کی ریاست خائن میں بدھ متوں کے حملے میں 30مسلمان شہید ہوگئے ، درجنوں گھروں کو نذر آتش کر دیا گیاجبکہ حکومت اور مقامی حکام نے قتل غارت بارے خبروں کو مسترد کر دیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو بین الاقوامی امدادی افسران جنھیں اس علاقے میں رسائی دی گئی تھی نے بتایا کہ انھیں علاقے میں وسیع پیمانے پر ہونے والی ہلاکتوں کے ثبوت ملے ہیں۔

انسانی حقوق کے گروپ فور ٹی فائی رائٹس نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران سلسلے وار حملے کیے گئے۔تازہ ترین واقعہ گذشتہ ماہ برما کی ریاست رخائن کی ایک بستی میں پولیس اور روہنگیا مسلمانوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا یہ فسادات اس وقت شروع ہوئے جب یہ خبر پھیلی کہ متعدد روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش کی سرحد پر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ہلاک کیا گیا۔

(جاری ہے)

صورتِ حال اس وقت مزید بگڑ گئی جب ایک مقامی پولیس اہلکار کے بارے میں اطلاع ملی کہ وہ لاپتہ ہو گیا اور یہ سمجھا گیا کہ اسے ہلاک کیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق مقامی بدھ متوں نے سیکورٹی فورسز کی مدد سے ایک گاوٴں میں بدلے کی کارروائی میں حصہ لیا۔برطانو ی میڈیا کے مطابق ایک محتاط اندازکے مطابق مرنے والے افراد کی تعداد 30 ہے۔کچھ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں 70 افراد مارے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی فلاحی کاموں کی سربراہ ویلری آموس نے برما کی حکومت سے استدعا کی کہ وہ امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقے میں جانے کی اجازت دے تاکہ فوری طور پر اس واقعے کی تحقیق شروع کی جا سکے۔دوسری جانب حکومت اور مقامی حکام نے قتل و غارت کے دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :