طالبان اپنی خود ساختہ شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین

جمعرات 23 جنوری 2014 20:41

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ طالبان اسلام کا نام لیکر جبر دہشت گردی اوربندوق کے زورپر اپنی خودساختہ شریعت نافذکرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی اور قتل وغارت گری کے ماحول میں کلمہ حق بلند کرنا سب سے بڑا جہاد ہے۔انہوں نے یہ بات معروف عالم دین مولانا تنویرالحق تھانوی کی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے لیکن طالبان کے نظریات ، قرآن مجید، سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم اور دین اسلام کی تعلیمات کی صریحاً نفی ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ طالبانائزیشن کے بارے میں جب انہوں نے کئی سال پہلے خدشات کا اظہار کیا تو حکومت سندھ کے وزراء اور بعض سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے ان کی باتوں کا مذاق اڑایا لیکن آج سب ان باتوں کوتسلیم کررہے ہیں اور ان کے خدشات کی تصدیق بلاول بھٹو زرداری بھی کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف علمائے حق اور بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان کی آواز میں آواز ملانا خوشی کاباعث ہے۔