پشاور ، سکیم چوک کے قریب ایک ورکشاپ میں زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 9افرادجاں بحق، متعدد زخمی ،دھماکے سے پانچ گاڑیاں مکمل طورپر تباہ ہوگئیں ،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ،25 سے 30 کلو بارودی مواد سفید آلٹو کار میں نصب تھا ، پولیس ذرائع ،صدر ، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون کی مذمت،زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت

جمعرات 23 جنوری 2014 19:13

پشاور ، سکیم چوک کے قریب ایک ورکشاپ میں زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں ..

اسلام آباد /پشاور(رحمت اللہ شباب. اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے سکیم چوک کے قریب ایک ورکشاپ میں زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔ دھماکے سے پانچ گاڑیاں مکمل طورپر تباہ ہوگئیں ۔ ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی تفصیلات کے مطابق دھماکہ پشاور میں کوہاٹ روڈ پر اسکیم چوک کے قریب مسافر گاڑیوں کے اڈے کے پاس کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی زخمی ہوگئے جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ گاڑیاں مرمت کرنے والی ایک ورکشاپ میں ہوا ہے، تاہم تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ اس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگاپولیس ذرائع کے مطابق 25 سے 30 کلو بارودی مواد سفید آلٹو کار میں نصب تھا جو سہ پہر چار بجے زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ادھر صدر ممنون حسین ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے ۔