وزیر اعظم کی زیرصدار ت اجلاس ، دہشتگردی کیخلاف واقعات روکنے کیلئے انٹیلی جنس نظام مزید مربوط بنانے اورجلد نئی قانون سازی کا فیصلہ،نواز شریف کی سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی موثر بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ بھی انٹیلی جنس تعاون بڑھانے کی ہدایت ، داخلی سیکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے پولیس کی کوئیک رسپانس فورس کی طرح تربیت کی جائے ،وزیر اعظم نواز شریف کااجلاس سے خطاب

جمعرات 23 جنوری 2014 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) حکومت نے دہشتگردی کیخلاف واقعات روکنے کے لئے انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط بنانے اورجلد نئی قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی موثر بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ بھی انٹیلی جنس تعاون بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ داخلی سیکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے پولیس کی کوئیک رسپانس فورس کی طرح تربیت کی جائے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورت حال سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید ، وفاقی وزیر اسحاق ڈار ، وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے شرکت کی، اجلاس کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کی جانب سے شرکا کو ملک کی داخلی صورت حال، ملکی سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس میں بنوں ، راولپنڈی ، کراچی اور مستونگ میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف واقعات روکنے کیلئے انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا دہشتگردانہ واقعات کی روک تھام کیلئے جلد قانون سازی کی جائیگی اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی موثر بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ بھی انٹیلی جنس تعاون بڑھایا جائے اس کے علاوہ داخلی سیکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے پولیس کی کوئیک رسپانس فورس کی طرح تربیت کی جائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی ملاقات کی جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :