کوئٹہ‘ہزارہ کمیونٹی کا میتوں کے ساتھ دھرنا جاری ،قاتلوں کی گرفتاری اور ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف موثر کارروائی تک دھرنا جاری رہیگا، بلوچستان شیعہ کانفرنس

جمعرات 23 جنوری 2014 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) سانحہ مستونگ کے خلاف کوئٹہ علمدار روڈ پر ہزارہ برادری کی جانب سے سانحے میں جاں بحق ہونیوالوں افراد کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے مظاہرین نے قاتلوں کی گرفتاری اور ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے بلوچستان شیعہ کانفرنس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف موثر کارروائی تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے سانحہ مستونگ کے خلاف جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور ہزارہ برادری کے افراد میتوں کے ہمراہ گذشتہ روز صبح 10بجے سے علمدار روڈ کے شہداء چوک پر جمع ہوئے اور وہاں دھرنا دیا سانحہ مستونگ میں جاں بھق ہونے والے 29افراد کی میتیں رکھ کر ان کے لواحقین اور ہزارہ برادری کے افراد سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں سانحہ مستونگ کا ایک زخمی دم توڑ گیا اس طرح جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29ہوگئی متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے ڈاکٹران کی زندگیوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں دو روزہ قبل مستونگ کے قریب درینگڑھ میں نامعلوم افراد نے زائرین کی بس کو بم سے نشانہ بنایا تھا جسمیں 22افراد جاں بحق اور 36زخمی ہوگئے تھے دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس کے قائم مقام صدر سید مسرت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ پر وفاقی حکومت کے رد عمل کاانتظار ہے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن ہوگا تو ہی دھرنا ختم ہوگا