بین الاقوامی ایکٹرز اپنی لڑائی کوئٹہ میں لڑ رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک

جمعرات 23 جنوری 2014 17:03

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ بلوچستان کے فرقہ وارانہ واقعات میں بین الاقوامی ایکٹرز ملوث ہیں جو اپنی لڑائی کوئٹہ میں لڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور اس علاقے میں استحکام کے خواہاں ہیں اْنھوں نے مشورہ دیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان، بھارت، افغانستان اور ایران کو ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرنی چاہیے ورنہ سارے ممالک اس میں مزید الجھتے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس علاقائی تنازع سے باہر نکل آئیں جِس کیلئے ان کے جہادی پالیسی کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا تاہم اْنھوں نے اِس کی وضاحت نہیں کی۔ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ یہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت، وفاقی حکومت کی مدد سے، کوششیں کر رہی ہے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسائل کو کامیابی سے حل کرلیا جائے گا۔